شام کے عہدے داروں نے بتایا ہے کہ فوج نے پلمیرا میں ایک اجتماعی قبر دریافت کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس قبر سے کم از کم 40 لاشیں ملی ہیں، جن میں خواتین اور تین بچے شامل ہیں۔ اِن میں سے کچھ افراد کے سر تن سے جدا ہیں۔
فوج نے پچھلے اتوار کو داعش کے شدت پسندوں سے پلمیرا واگزار
کرا لیا تھا۔
پلمیرا میں، جسے ''ریگستان کی دلہن'' کا خطاب حاصل ہے، ہر سال لاکھوں سیاح آیا کرتے تھے۔
دولت اسلامیہ نے یہ شہر مئی 2015ء میں چند دِنوں کے اندر حکومتی افواج سے چھین لیا تھا، بعدازاں دہشت گرد گروہ نے رومی دور کے بیش بہا آثار قدیمہ کے کئی نمونے مسمار کر دیے تھے، جنھیں اقوام متحدہ کے ثقافتی ادارے نے عالمی ورثہ قرار دے رکھا ہے۔